ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اروناچل پردیش میں پولیس فائرنگ میں ایک کی موت، نائب وزیراعلی کا گھر دھماکے سے اڑا دیا،راہل گاندھی کااظہارافسوس

اروناچل پردیش میں پولیس فائرنگ میں ایک کی موت، نائب وزیراعلی کا گھر دھماکے سے اڑا دیا،راہل گاندھی کااظہارافسوس

Sun, 24 Feb 2019 23:23:28    S.O. News Service

ایٹہ نگر، 24 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر راہل گاندھی نے اروناچل پردیش میں پولیس کی فائرنگ میں ایک شخص کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ریاست میں امن لوٹ آئے گا۔دراصل 6 قبائلی کمیونٹیز کو مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ دینے کی تجویز کے خلاف بلائے گئے بند کے دوران ریاست کے کچھ حصوں میں لوگ سڑک پر اتر آئے اور جم کر احتجاج کیا۔اسی دوران پولیس کی فائرنگ میں ہفتہ کو ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔وہیں آج مظاہرین نے ریاست کے نائب وزیر اعلی چونا مین کے گھر کو آگ کے حوالے کر دیا،حالات کو دیکھتے ہوئے چونا مین کوایٹہ نگر سے ناماساي ضلع میں شفٹ کیا گیا ہے۔بتا دیں کہ مظاہرین نے غیر اروناچل والوں کو مستقل رہائش سرٹیفکیٹ (پی آرسی) دینے کے لئے حکومت کی طرف سے مقرر پینل کی سفارشات میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایٹہ نگر میں سول سیکرٹریٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔اسی دوران پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور مظاہرین کے نہیں ماننے پر مجبورا پولیس کو فائرنگ کرنی پڑی۔ایٹہ نگر کے کئی حصوں میں تشدد ہوا،پولیس نے 21 مظاہرین کو حراست میں لیا ہے۔

راہل گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ اروناچل پردیش کے ایٹہ نگر میں پولیس کی فائرنگ میں ایک معصوم نوجوان کی موت کے بارے میں سن کر مجھے دکھ ہوا، جس میں کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں،نوجوان کے خاندان کے تئیں میری تعزیت ہیں،میں دعا کرتا ہوں کہ زخمی جلد صحت مند ہو جائیں اور اروناچل میں امن لوٹ آئے۔

اس دوران مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے احتجاج کے پیش نظر اروناچل پردیش کے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔اس بابت وزیر داخلہ راج ناتھ نے اروناچل کے وزیر اعلی پیما کھانڈو سے بھی بات کی اور ریاست کی صورت حال کے بارے میں معلومات لی۔اس کے بعد وزارت داخلہ نے ٹویٹ کیاکہ راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش کے وزیر اعلی پیما کھانڈو سے فون پر بات کی اور ریاست کے کچھ حصوں میں چل رہے احتجاج اورحالات پر بحث کی۔


Share: